اسلام آباد(نیوز ڈیسک )متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر پاکستانی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کی نئی فیسوں کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
نئے شیڈول میں پانچ سالہ ای پاسپورٹ اور دس سالہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کے نارمل اور ارجنٹ اجرا کے اخراجات مقرر کیے گئے ہیں، جن کی ادائیگی اماراتی درہم میں کرنا ہوگی۔پاکستانی سفارت خانے کے جاری کردہ فیس شیڈول کے مطابق پانچ سالہ ای پاسپورٹ کے 36 صفحات کے لیے نارمل فیس 145 درہم اور ارجنٹ فیس 235 درہم ہوگی۔ اسی طرح 72 صفحات پر مشتمل ای پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے نارمل درخواست پر 260 درہم جبکہ ارجنٹ اجرا کے لیے 425 درہم ادا کرنا ہوں گے۔دس سالہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی فیس بھی مقرر کردی گئی ہے۔ 36 صفحات والے ایم آر پی کے لیے نارمل فیس 215 درہم اور ارجنٹ فیس 355 درہم رکھی گئی ہے، جبکہ 72 صفحات کے پاسپورٹ کے حصول پر نارمل درخواست کی صورت میں 390 درہم اور ارجنٹ سروس کے لیے 635 درہم وصول کیے جائیں گے۔
پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا ہوں گے۔ پہلی مرتبہ پاسپورٹ گم ہونے پر مقررہ فیس سے دوگنی رقم ادا کرنا ہوگی، جبکہ دوسری مرتبہ گم ہونے کی صورت میں فیس چار گنا وصول کی جائے گی۔حکام کے مطابق پاکستان سمیت بیرون ملک قائم پاکستانی سفارتی مشنز میں ای پاسپورٹ کا اجرا شروع ہو چکا ہے۔ جدید حفاظتی خصوصیات کے حامل اس پاسپورٹ کا مقصد سفری دستاویزات کی سکیورٹی بہتر بنانا اور شناخت کی تصدیق کے عمل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مؤثر بنانا ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے جاری کیے گئے مشین ریڈایبل پاسپورٹ اپنی میعاد ختم ہونے تک قابل استعمال رہیں گے، تاہم نئے پاسپورٹ کے اجرا اور تجدید کے لیے ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔



















































