کراچی(این این آئی) شہر قائد کے بن قاسم کی حدود فلک ناز سوسائٹی کے گھر سے 5 لاشیں برآمد ہوئیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ملنے والی لاشوں میں میاں بیوی، نند اور دو بچے شامل ہیں، ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کر لئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق پانچوں لاشیں گراؤنڈ فلور پر واقعہ گھر کے کمرے سے ملیں، گھر اندر سے وزنی چیز رکھ کر بند کیا گیا تھا، متوفین میں 30 سالہ شاہ زیب اس کی زوجہ 28 سالہ صبا، 20 سالہ شمائلہ، 5 سالہ ایزل اور 3 سالہ آریہ شامل ہیں۔آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو نے واقعے سے متعلق ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی،
انہوں نے کہا کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے اور ہلاکتوں کی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے۔آئی جی نے کہا کہ تحقیقات میں پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے اور حقائق کی روشنی میں تحقیقات یقینی بنائی جائے۔
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گھر کے مالک کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرلیے ہیں۔ گھر سے ایک پستول اور شاہ زیب کی جیب سے ایک خط بھی ملا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ بچوں کو زہر دیا گیا، جبکہ خاندان نے مالی مشکلات سے تنگ آکر خودکشی کی۔ تاہم پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے اور حتمی نتیجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ خط میں گھر کے افراد نے مالی مشکلات اور رشتہ داروں کے ناروا سلوک کا ذکر کیا ہے۔
خاندان پہلے بڑے گھر میں رہائش پذیر تھا، بعدازاں چھوٹے گھر اور پھر کرائے کے مکان میں منتقل ہوا، جس سے مالی دباؤ کا پہلو سامنے آتا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق مقتول شاہ زیب کے چچا سے بھی ملاقات کی گئی، جنہوں نے خاندانی ناچاقیوں کا ذکر کیا۔ پولیس نے شواہد جمع کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔



















































