اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)راولپنڈی میں 12 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں مطلوب ملزم سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں مارا گیا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں ایک خاتون کو قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں نوجوان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق سی سی ڈی حکام نے بتایا کہ بچی کے قتل کا واقعہ راولپنڈی کے علاقے خیابان سرسید، ڈھوک نجو میں پیش آیا تھا۔ حکام کے مطابق مقتولہ کی لاش 8 اکتوبر کو ممریز خان نامی شخص کے گھر سے برآمد ہوئی تھی، جو رشتے میں بچی کا خالو بتایا گیا ہے۔سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ممریز خان اغوا، زیادتی اور قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا، تاہم وہ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ حکام کے مطابق مقتولہ بچی کے ساتھ ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔اسلام آباد میں خاتون کو دھمکیاں دینے پر نوجوان گرفتارادھر اسلام آباد میں ایک خاتون کو قتل کی دھمکیاں دینے کے معاملے پر متعلقہ حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے مطابق اس معاملے میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن پلیٹ فارمز کے استعمال کا پہلو سامنے آیا ہے۔ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر قتل کے طریقوں سے متعلق معلومات اور خیالات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ حکام نے اس واقعے کے تناظر میں مصنوعی ذہانت کے ٹولز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔



















































