لاہور (این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سی ایم ای بائیکس سکیم میں نوجوانوں کی بھرپور دلچسپی سامنے آئی ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق سکیم کے تحت 13لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی جبکہ 6لاکھ 7ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو سکیم کا پراسیس جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو سفری سہولیات کی فراہمی اور بالخصوص طالبات کے لئے تعلیم تک رسائی آسان بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اعلامیے کے مطابق سی ایم ای بائیکس سکیم کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے ایک لاکھ خوش نصیب نوجوانوں کو ای بائیکس فراہم کی جائیں گی، مستحق کامیاب امیدواروں کو صرف 3ہزار روپے ماہانہ کی آسان اقساط ادا کرنا ہوں گی جبکہ ان بائیکس پر عائد سود حکومت پنجاب خود ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سکیم میں کامیاب ہونے والی طالبات کو مفت ڈرائیونگ سکھانے کا بھی انتظام کیا جائے گا تاکہ وہ محفوظ اور آسان طریقے سے اپنی تعلیمی سرگرمیوں کیلئے آمدورفت کر سکیں۔مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نوجوانوں، بالخصوص طالبات کو آگے بڑھنے کیلئے تمام تر وسائل مہیا کئے جائیں گے، ای بائیکس کی فراہمی سے طالبات کو آمدورفت میں آسانی ہوگی اور ان کے ماہانہ سفری اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب کا ہر بیٹا اور بیٹی ان کے لیے بہت خاص ہیں اور حکومت نوجوانوں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔



















































