لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے بنگلہ دیش میں پارلیمنٹ کے سابق رکن صلاح الدین قادر چودھری اور علی احسن مجاہد کو پھانسی دینے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا واحد جرم پاکستان سے محبت ہے جس کی انہیں اتنی بڑی سزا دی گئی ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کی یہ روش نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستانی دفتر خارجہ ان بے گناہوں کو سزائیں سنائے جانے کے بعد بھی خاموش رہا اور اس نے ان کی جانیں بچانے کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے دونوں رہنماﺅں کو حب الوطنی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صلاح الدین قادر چودھری کو جب سپیشل جنگی ٹربیونل کی جانب سے سزا سنائی گئی تو وہ بنگلہ دیش پارلیمنٹ کے رکن تھے۔ شہید صلاح الدین قادر کے والد فضل القادر چودھری مرحوم جو پاکستان کے سابق قائم مقام صدر اور قومی اسمبلی کے سپیکر رہے ان کے میرے والد چودھری ظہورالٰہی شہید کے ساتھ نہایت قریبی اور دوستانہ مراسم تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنے والوں کو سزائیں دینے کیلئے نیا قانون بنایا گیا جس کے ذریعے پرانے واقعات کو جرم قرار دیتے ہوئے ان رہنماﺅں کو سزائیں سنائی گئیں اور انہیں پھانسیوں پر بھی لٹکا دیا گیا حالانکہ یہ مسلمہ اصول ہے کہ کسی کو سزا صرف اس جرم کی دی جا سکتی ہے جس کے ارتکاب کے وقت اس کے بارے میں قانون موجود ہو۔