لاہور( این این آئی)قیادت کی پالیسیوں سے اختلاف کے باعث الگ ہو کر جدوجہد کرنےوالے پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کئے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی پیپلز پارٹی کے معاملات میں مداخلت کے مخالف رہنماﺅں کے درمیان مسلسل رابطوں کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ایک پلیٹ فارم سے جدوجہد کا اعلان بھی سامنے آ سکتا ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ذوالفقار مرزا کی طرف سے الگ پارٹی بنانے کے اعلان کے بعد ان سے بھی رابطہ کیا جائے گا اور انہیں اس کے لئے راضی کیا جائے گا وہ مکمل طور پر الگ سیاسی جماعت بنانے کی بجائے پہلے سے جدوجہد کرنے والے رہنماﺅں کے پلیٹ فارم پر آئیں ۔بڑے ناموں کے متحد ہونے کی صورت میں ملک بھر کے دورے کئے جائیں گے جس کے بعد ورکرز کنونشنز کا انعقاد کیا جائے گا ۔