لاہور( نیوزڈیسک) مالی معاملات پر آواز بلند کرنے پر پی ٹی آئی کی قیادت کی طرف سے نظر انداز کئے جانے والے ڈی جی بٹ کی دوبارہ واپسی ہو گئی ، صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے میں نئی دھنوںکے ساتھ انٹری دی ۔ ڈی جے بٹ نے پی ٹی آئی کے سیاسی جلسوں میں دھنوں اور نغموں کے ذریعے کارکنوں کو پرجوش رکھنے کا نیا ٹرینڈ متعارف کرایا جس کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی انکی پیروی کی ۔ ڈی جے بٹ نے دھرنے کے دوران 126روز تک اپنے فرائض سر انجام دئیے ۔دھرنے کے اختتام پر ڈی جے بٹ نے لاکھوں روپے مالیت کا بل بھجوایا اور عدم ادائیگی پر میڈیا میں آکر بھی بات کی جس پر پی ٹی آئی کی قیادت نے نہ صرف ناراضی کا اظہار کیا بلکہ ان سے لا تعلقی بھی اختیار کر لی گئی ۔ اس کے بعد ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسوں میں ڈی جے بٹ کی جگہ ایک دوسرے ساﺅنڈ سسٹم والے کو ذمہ داری گئیں۔ تاہم اب دوبارہ ڈی جے بٹ کی پی ٹی آئی میں واپسی ہو گئی ہے اور انہوں نے گزشتہ روز صوابی کے جلسے میں دوبارہ ذمہ داریاں نبھائیں ۔ ڈی جے بٹ نے صوابی کے جلسے میں پختون دھنوں کے ساتھ انٹر ی دی۔گفتگو کرتے ہوئے ڈی جے بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ٹائیگر تھا ،ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔ میں نے پی ٹی آئی کے جلسوںمیں کارکنوں کا جوش و ولولہ بڑھانے کے لئے نئے نغمے تیار کئے ہیں جبکہ پارٹی کے کچھ لوگوں نے بھی مجھے نئے نغمے تیار کر کے دئیے ہیں۔