حیدرآباد(این این آئی)پیپلزپارٹی کی قیادت کی طرف سے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم کے انتقال پر تین روزہ سوگ منانے کے اعلان کے باوجود ڈیفنس حیدرآباد میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے بنگلے پر جشن منایا گیا جس میں زبردست آتش بازی کی گئی اور دھماکے سے پھٹنے والے بم نما پٹاخے استعمال کئے گئے جس سے خوف و ہراس پھیل گیا اور رینجرز پہنچ گئی۔پیپلزپارٹی کی بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں نمایاں کامیابی پر ٹنڈوجام کے حلقہ پی ایس 50 سے منتخب ممبر اسمبلی صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے ڈیفنس کے بنگلے پر ہفتے کو رات میں جشن فتح منایا گیا اور پی پی کے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم کے انتقال پر پی پی قیادت کے تین روزہ سوگ منانے کے اعلان کو دھماکوں میں اڑا دیا گیا، شرجیل انعام میمن گذشتہ کئی مہینوں سے ملک سے باہر ہیں ان کے بنگلے پر جشن فتح کے سلسلے میں زبردست آتشبازی کی گئی اور دھماکے سے پھٹنے والے چائنا پٹاخے بھی دس پندرہ منٹ تک مسلسل چلائے جاتے رہے جس سے ڈیفنس کے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور یہاں کے رہائشی افراد نے رینجرز حکام کو اطلاع دی جس پر رینجرز کی نفری پہنچ گئی اور جشن منانے والوں کو آتشبازی اور دھماکے دار پٹاخے چلانا بند کرنا پڑے، پولیس بھی پہنچی تاہم کسی کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔