اسلام آباد (آن لائن) خوبرو اسمگلر حسینہ ایان علی کے لئے اڈیالہ جیل میں بی کلاس دینے اور جیل بیرک کی سجاوٹ کے احکامات جاری کر دیئے گئے ۔ جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنانے کے الزامات کی تحقیقات مکمل ہونے پر ماڈل کو کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔ سیکورٹی اداروں نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ ایک اعلی حکومتی شخصیت نے ایان علی کو اپنے بیرونی دورے کے دوران باحفاظت لے جانے کا ذمہ لیا ہے تاہم ایان علی تاحال اس پیش کش پر عدم تحفظ کی وجہ سے قبول کرنے کو تیار نہیں۔ ذرائع نے آن لائن سے انکشاف کیا ہے کہ اڈیالہ جیل حکام کو ایان علی کی متوقع گرفتاری اور جیل جانے بارے کچھ احکامات موصول ہوئے ہیں جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ ماڈل کے لئے جیل کی بی کلاس اور بیرک کی سجاوٹ مکمل کر لی جائے کیونکہ انہیں آئندہ 72 گھنٹوں میں کسی بھی وقت گرفتار کر کے جیل بھجوایا جا سکتا ہے باوثوق ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ماڈل کے حوالے سے جعلی پاسپورٹ اور جعلی شناختی کارڈ بنوانے بارے اندرونہ خانہ تحقیقات جاری ہیں اور اگر وہ اس میں قصور وار ثابت ہو جاتی ہیں تو پھر ان کو اڈیالہ جیل بجھوا دیا جائے گا اور ان پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا جائے گا ۔ اس حوالے سے جیل حکام کو پیشگی احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں جس میں ملزم کو بی کلاس دینے اور دیگر سہولیات دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔