اسلام آباد (نیوز ڈیسک)راولپنڈی ڈھوک کالا خان میں منشیات فروشوں کاراج،اہل علاقہ تشویش اور مایوسی کا شکار،
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان تھانہ صادق آباد کی حدود میں منشیات فروشی اور جرائم کی بڑھتی ہوئی لہر نے مقامی رہائشیوں کو شدید تشویش اور مایوسی میں مبتلا کر دیا ہے۔ تھانہ صادق آباد کی حدود میں واقع اس گنجان آباد علاقے کے مکینوں کے مطابق، منشیات فروشوں کی سرگرمیاں اور دیگر سڑکوں کے جرائم کھلے عام جاری ہیں، جس کی وجہ سے خصوصاً نوجوان نسل کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ڈھوک کالا خان، قیوم آباد اور اس کے قریبی محلے مبینہ طور پر منشیات کی خرید و فروخت، چوری اور ڈکیتی کا مرکز بن چکے ہیں۔رہائشی علاقوں کے قریب منشیات کی باآسانی دستیابی کے باعث والدین اپنے بچوں کے حوالے سے شدید خوف اور غیر محفوظ ہونے کے احساس کا شکار ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رات ڈھلتے ہی صورتحال مزید تشویشناک ہو جاتی ہے اور گلیوں،سڑکوں پر منشیات فروشوں کا رش پڑ جاتا ہے،اہل علاقہ کا مطالبہ ہے کےحساس اور اندرونی گلیوں میں رات کے وقت پولیس گشت کو مؤثر بنایا جائےاورمنشیات کے بڑے سپلائرز اور مقامی نیٹ ورک کے خلاف فوری اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔
اگرچہ راولپنڈی پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف حصوں میں منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری رہتی ہیں، تاہم ڈھوک کالا خان کے شہریوں کا ماننا ہے کہ جب تک اس مخصوص پاکٹ میں مستقل بنیادوں پر آپریشن نہیں کیا جاتا، امن و امان کا قیام ناممکن ہے۔



















































