اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری کے لیے شادی بیاہ سمیت مختلف تقریبات کے حوالے سے نئی پابندیاں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،
جن کے تحت شادی کی تقریبات میں صرف ایک ڈش پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور تمام متعلقہ اداروں کو اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نئے احکامات کے تحت شادی کی تقریبات میں ایک سے زائد کھانے پیش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا اور سرکاری سطح پر کفایت شعاری کو فروغ دینا بتایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں سرکاری تقریبات کے حوالے سے بھی مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ غیر ملکی وفود کے اعزاز میں منعقد ہونے والی سفارتی ضیافتوں کے علاوہ سرکاری سطح پر رات کے کھانوں کا انعقاد ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح سرکاری فنڈز سے سیمینارز، تربیتی پروگرامز اور کانفرنسز منعقد کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تاہم ایسی اہم سرکاری تقریبات جنہیں ملتوی کرنا ممکن نہ ہو، انہیں سرکاری ہالز، آڈیٹوریمز یا کمیٹی رومز تک محدود رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری قواعد سے استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواستوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے قائم مانیٹرنگ کمیٹی ہر درخواست کا الگ سے جائزہ لے کر اپنی سفارشات وزیراعظم کو حتمی منظوری کے لیے پیش کرے گی۔



















































