لاہور(آئی این پی) صوبائی وزیر برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے حاملہ خواتین کو بروقت طبی سہولیات کی عدم فراہمی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے صوبہ کے غریب اور نادار عوام کے علاج معالجہ کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے ہیلتھ انشورنس سکیم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سرکاری و نیم سرکاری ہسپتالوں میں مستحق مریضوں بالخصوصی حاملہ خواتین کو داخلے ، زچگی، نوزائیدہ بچوں کے علاج، ہنگامی آپریشن ، عام طبی سہولیات اور مخصوص او پی ڈیز کی سہولیات مفت مہیا کی جائیں گی اس امر کا اظہار انہوں نے ہیلتھ کیئرکمیشن اور انشورنس کمپنیوں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس کا مقصد انشورنس کمپنیوں سے پیشکشوں کی درخواست تھا جس کے شرکاء میں سیکرٹری ہیلتھ کے علاوہ آدم جی، جوبلی، عسکری، سٹیٹ لائف اور عالیان ای ایف یو ہیلتھ انشورنس کمپنی کے نمائندگان شامل تھےـڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے شرکاء کو بتایا کہ ابتدا اس سکیم کا آغاز بطور پائلٹ پروجیکٹ چار اضلاع لیہ، راجن پور، چکوال اور حافظ آباد سے کیا جائے گا بعد ازاں کامیابی کی صورت میں اس کے احاطہ کار میں توسیع کردی جائے گیـ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب اس سکیم کا جلد سے جلد اجراء چاہتی ہے اس لئے کمپنیز جتنی جلدی ممکن ہو اپنے پرپوزل جمع کروائیں ـکمپنیوں کی باہم رضا مندی سے بڈز کے لئے 30نومبر کی تاریخ طے کرلی گئی ۔