اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایپل نے آئی فون صارفین کی ایک دیرینہ مشکل دور کرنے کی تیاری کرلی ہے، جس کے تحت مستقبل میں ایک ہی موبائل نمبر کو بیک وقت دو مختلف آئی فونز پر استعمال کرنا ممکن ہوجائے گا۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم iOS 27 میں ’iPhone Hand-off‘ نامی فیچر متعارف کرانے جارہی ہے۔ ایپل کی جانب سے نئے آپریٹنگ سسٹم کو 9 ستمبر کو منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں باضابطہ طور پر پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
نئے فیچر کے ذریعے صارف ایک آئی فون کو مرکزی ڈیوائس جبکہ دوسرے فون کو ساتھی ڈیوائس کے طور پر سیٹ کرسکے گا۔ اس عمل کے دوران اصل eSIM مرکزی آئی فون پر فعال رہے گا، جبکہ دوسرے ڈیوائس کے لیے ایک ساتھی eSIM فراہم کیا جائے گا۔
فیچر کیسے فعال ہوگا؟
اس سہولت کو استعمال کرنے کے لیے آئی فون کی Settings میں جاکر Cellular مینو کے ذریعے فیچر کو فعال کرنا ہوگا۔ سیٹ اپ مکمل کرتے وقت صارف کو دونوں فونز میں سے ایک کو Primary اور دوسرے کو Companion Device منتخب کرنا ہوگا۔
ایپل کے مطابق اس فیچر کے استعمال کے لیے دونوں آئی فونز میں iOS 27 کا موجود ہونا ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ متعلقہ موبائل نیٹ ورک آپریٹر کی جانب سے بھی اس سہولت کی معاونت لازمی شرط ہوگی۔
ابتدائی طور پر کن صارفین کو سہولت ملے گی؟
رپورٹس کے مطابق نئے فیچر کی ابتدائی دستیابی امریکا اور ہالینڈ کے دو موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے صارفین کے لیے ہوگی۔ بعد میں کمپنی کی جانب سے اس سہولت کو مزید ممالک اور نیٹ ورکس تک وسعت دی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ایپل نے جون 2026 میں منعقدہ سالانہ ڈویلپرز کانفرنس کے دوران اس فیچر کی ابتدائی جھلک پیش کی تھی، تاہم اب اس کی فعالیت، ضروری شرائط اور دستیابی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔




















































