اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے سری نگر ایئرپورٹ پر انڈیگو ایئرلائنز کا ایک مسافر طیارہ پارکنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا،
تاہم جہاز میں سوار تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی سے سری نگر پہنچنے والی انڈیگو ایئرلائنز کی پرواز لینڈنگ کے بعد پارکنگ ایریا کی جانب جارہی تھی کہ اس دوران طیارہ ایئرپورٹ پر نصب ایک کھمبے سے جا ٹکرایا۔
حادثہ صبح کے وقت پیش آیا، جس کے نتیجے میں طیارے کے اگلے حصے کو نمایاں نقصان پہنچا۔ متاثرہ جہاز ایئربس A321 طیاروں کے بیڑے میں تقریباً چار ماہ قبل شامل ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق جس کھمبے سے طیارہ ٹکرایا وہ ’ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم‘ کا حصہ تھا۔ اس نظام میں لیزر سینسرز نصب ہوتے ہیں جو طیارے کو پارکنگ کی مقررہ جگہ تک پہنچانے میں پائلٹ کی رہنمائی کرتے ہیں۔
واقعے کے بعد مسافروں اور فضائی عملے کو متبادل سیڑھیوں کے ذریعے طیارے سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کے بعد طیارے کو مزید پروازوں کے لیے گراؤنڈ کردیا گیا ہے جبکہ ایئرپورٹ حکام نے واقعے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
بھارتی میڈیا میں واقعے کو پائلٹنگ سے متعلق ایک اہم غلطی قرار دیا جارہا ہے، تاہم حادثے کی حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکے گی۔



















































