اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بینک اسلامی نے سونے کے عوض شرعی اصولوں کے مطابق فنانسنگ فراہم کرنے کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جسے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی اسلامی فنانسنگ سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت صارفین اپنے پاس موجود سونے کو بنیاد بنا کر مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔
بینک کے مطابق اس سہولت کے ذریعے اہل صارفین کو زیادہ سے زیادہ 50 لاکھ روپے تک کی فنانسنگ فراہم کی جائے گی، جبکہ حاصل کردہ رقم کی ادائیگی کے لیے چار سال تک کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
سونے پر مبنی اس فنانسنگ کا ڈھانچہ اسلامی مالیاتی اصول مساومہ کے تحت ترتیب دیا گیا ہے۔ مساومہ ایک شرعی خرید و فروخت کا طریقہ کار ہے، جس کے ذریعے اثاثوں کی بنیاد پر فنانسنگ فراہم کی جاتی ہے اور لین دین میں اسلامی بینکاری کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے۔
بینک اسلامی کا کہنا ہے کہ اس سہولت کے آغاز کے بعد وہ پاکستان میں سونے کے بدلے شرعی اصولوں کے تحت فنانسنگ فراہم کرنے والا پہلا بینک بن گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو سود سے پاک طریقے سے اپنی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک محفوظ اور آسان متبادل فراہم کرنا ہے۔
بینک کے مطابق نئی سہولت سے اس کے ریٹیل فنانسنگ پورٹ فولیو کو مزید وسعت ملے گی۔ بینک اسلامی مالیاتی شمولیت بڑھانے، صارفین کی ضروریات کے مطابق جدید اسلامی مالیاتی مصنوعات متعارف کرانے اور ملک بھر میں اسلامی بینکاری کی سہولیات کو عام کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
بینک نے اس پیش رفت کو اپنے اس عزم کا تسلسل قرار دیا ہے جس کے تحت صارفین کو سود سے پاک مالیاتی حل فراہم کرتے ہوئے اسلامی بینکاری کو زیادہ قابل رسائی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔



















































