اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)شارجہ میں سرکاری ملازمین کے لیے کم از کم ماہانہ آمدن کی حد بڑھا کر 20 ہزار درہم کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے، جس پر عملدرآمد ستمبر سے ہوگا۔
سرکاری اعلان کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے سے شارجہ کے 17 ہزار 776 سرکاری ملازمین براہ راست فائدہ اٹھائیں گے۔
حکام کے مطابق سماجی امداد حاصل کرنے والے 6 ہزار 652 خاندانوں کے لیے بھی مالی معاونت میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 2 ہزار 251 سرکاری ریٹائرڈ شہریوں کی کم از کم آمدن میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔
اسی طرح مزید 5 ہزار 300 ریٹائرڈ شہریوں کو دی جانے والی اضافی مالی گرانٹس میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، تاکہ انہیں موجودہ مالی حالات میں بہتر سہولت فراہم کی جاسکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کم از کم آمدن کا معیار شہریوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلند کیا گیا ہے۔ شیخ سلطان نے اماراتی شہریوں کو غیر ضروری قرض لینے سے گریز کرنے کی بھی تلقین کی ہے، جبکہ مہنگائی کے اثرات کے پیش نظر شہریوں کی مالی ضروریات کو بھی پالیسی میں شامل رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کے موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات کے استعمال پر مناسب حد مقرر کریں۔
حکام کے مطابق بچوں کی بہتر نشوونما، صحت مند خوراک اور مناسب پرورش کو یقینی بنانے کے لیے مختلف سرکاری سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔



















































