اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)وزارت مذہبی امور نے رواں سال پرائیویٹ حج اسکیم کے حوالے سے عازمین کو اہم معلومات فراہم کردی ہیں۔
پرائیویٹ حج کے مختلف پیکیجز کی قیمتیں 14 لاکھ روپے سے شروع ہوکر ساڑھے 37 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔وزارت کے ترجمان کے مطابق حج آرگنائزنگ کمپنیوں نے اپنے مختلف پیکیجز ڈیجیٹل پورٹل پر فراہم کردیے ہیں۔ عازمین اپنی ضروریات اور بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک حج ایپ یا آن لائن پورٹل کے ذریعے دستیاب پیکیجز کا جائزہ لے کر بکنگ کروا سکتے ہیں۔حکام کے مطابق اس سال پرائیویٹ حج اسکیم کے لیے 16 بنیادی پیکیجز کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ ان میں کم مدت پر مشتمل حج پیکیجز کے علاوہ فائیو اسٹار سہولیات فراہم کرنے والے پیکیجز بھی شامل ہیں، جس سے مختلف مالی استطاعت رکھنے والے افراد کو انتخاب میں آسانی ہوگی۔وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے لیے رواں سال 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ عازمین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ بکنگ اور رقم کی ادائیگی کے لیے صرف سرکاری پاک حج ایپ یا منظور شدہ ڈیجیٹل پورٹل استعمال کریں۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی عازم براہ راست کسی فرد یا کمپنی کو رقم ادا کرتا ہے اور اس کے نتیجے میں مالی نقصان ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری وزارت مذہبی امور پر نہیں ہوگی۔ اس لیے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بکنگ کے دوران محتاط رہیں اور ادائیگی کے لیے محفوظ اور مقررہ طریقہ اختیار کریں۔پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت پیکیج منتخب کرنے اور ادائیگی مکمل کرنے کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ وزارت کے مطابق مقررہ مدت کے دوران اگر مختص حج کوٹہ مکمل نہ ہوسکا تو حکومت کو باقی کوٹہ دوبارہ مختص کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔



















































