اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے تمام 41 اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی جانب سے کوڑا ٹیکس وصول کرنے میں ناکامی کے بعد صوبائی حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا ہے۔ صفائی ٹیکس اور چارجز کی مؤثر وصولی کے لیے پیرا فورس طرز کی ایک نئی یونیفارم فورس تشکیل دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
مجوزہ فورس محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کے ماتحت کام کرے گی اور اس کا انتظامی کنٹرول بھی اسی محکمے کے پاس ہوگا۔ ذرائع کے مطابق چھوٹے گھروں سے 300 سے 500 روپے جبکہ دکانوں سے ماہانہ ایک ہزار روپے تک کوڑا ٹیکس وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم بلدیاتی ادارے اس نظام کو مؤثر بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نئی فورس کے قیام کے لیے 305 نئی آسامیوں کی تجویز دی گئی ہے۔ ان میں گریڈ 5 کے 300 ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کانسٹیبلز شامل ہوں گے، جنہیں صوبے بھر میں تقریباً 47 لاکھ جائیدادوں سے صفائی چارجز کی وصولی کا کام سونپا جائے گا۔
دستاویزات میں تجویز دی گئی ہے کہ ہر ضلع میں صفائی چارجز کی وصولی اور متعلقہ امور کے لیے 7 سے 8 کانسٹیبلز تعینات کیے جائیں گے۔
نئی فورس کے فرائض
مجوزہ فورس کے اہلکار صفائی چارجز کے بل گھروں اور دیگر جائیدادوں تک پہنچانے، نادہندگان سے رابطہ کرنے، واجب الادا رقم کی وصولی اور فالو اَپ سمیت مختلف ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
فورس کی نگرانی کے لیے ایک ڈائریکٹر اور چار ڈپٹی ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق یہ فورس خصوصی طور پر ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ کے لیے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے زیرنگرانی کام کرے گی۔
فیلڈ اہلکاروں کیلئے الیکٹرک موٹر سائیکلیں
صفائی چارجز کی وصولی کے لیے فیلڈ میں کام کرنے والے اہلکاروں کو سفری سہولت فراہم کرنے کی غرض سے 300 الیکٹرک موٹر سائیکلیں خریدنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ فورس کی نگرانی اور انفورسمنٹ کے لیے ایک 1300 سی سی گاڑی اور چار کلٹس کاریں خریدنے کی سفارش کی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق 300 الیکٹرک موٹر سائیکلوں اور پانچ گاڑیوں کی خریداری پر مجموعی طور پر 11 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ نئی آسامیوں، گاڑیوں اور دیگر انتظامی اخراجات کو پورا کرنے کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔



















































