اسلام آباد(نیوزڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کے کھلاڑیوں کی تازہ عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے،
جس میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی پوزیشن میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور وہ ٹاپ 10 سے باہر نکل گئے ہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز کی فہرست میں انگلینڈ کے ہیری بروک بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں۔ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے ایک درجہ بہتری حاصل کرتے ہوئے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے، جبکہ انگلینڈ کے تجربہ کار بیٹر جو روٹ ایک درجے نیچے آکر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستانی بیٹر بابر اعظم کو رینکنگ میں 5 درجے نقصان ہوا، جس کے بعد وہ 15ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ دوسری جانب سری لنکا کے کامندو مینڈس نے دو درجے ترقی کرکے ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی اور وہ 10ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
پاکستان کے سعود شکیل نے رینکنگ میں شاندار بہتری دکھاتے ہوئے 15 درجے ترقی کی ہے اور اب وہ 18ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ سری لنکا کے سونل دینوشا 25ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
دیگر پاکستانی بیٹرز میں محمد رضوان 7 درجے تنزلی کے بعد 33ویں، شان مسعود 3 درجے نیچے آکر 41ویں جبکہ سلمان آغا 3 پوزیشن کی کمی کے بعد 43ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی عالمی رینکنگ
بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے ایک درجے بہتری کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
انگلینڈ کے اولی رابنسن نے 6 درجے ترقی کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔ سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو بھی 4 درجے بہتری کے بعد 11ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس 15ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔ انگلینڈ کے جوش ٹنگ نے 4 درجے ترقی کرکے 13ویں پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ گس ایٹکنسن کو 10 درجے نقصان ہوا اور وہ 24ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔



















































