اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) انگلینڈ کے دورے پر پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی مسلسل خراب کارکردگی کے بعد قومی ٹیم اور مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلیکٹر مصباح الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے بعد ان کا نوٹس پیریڈ بھی شروع ہوچکا ہے۔روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق مصباح الحق کے استعفے کی ایک اہم وجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیا گیا وضاحتی نوٹس بتایا جارہا ہے۔ پی سی بی نے قومی سلیکٹرز سے سوال کیا تھا کہ امام الحق اور محمد رضوان کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کن بنیادوں پر کیا گیا؟ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ نے سلیکٹرز کو ہدایت کی تھی کہ دونوں کھلاڑیوں کے انتخاب کے معیار اور ان کی کارکردگی سے متعلق 24 گھنٹوں کے اندر وضاحت پیش کی جائے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو ابتدائی دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد قومی کرکٹ کے معاملات میں غیر معمولی ہلچل دیکھنے میں آئی ہے۔اسی دوران پی سی بی نے انگلینڈ کے دورے کے دوران قومی ٹیسٹ اسکواڈ سے 7 کھلاڑیوں کو ریلیز کردیا۔ ان کھلاڑیوں میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ٹیم سے ریلیز کردیا ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کی مینجمنٹ میں مزید تبدیلیوں کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔



















































