اسلام آباد(نیوز ڈ یسک)پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد عباس نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایسا منفرد اعزاز حاصل کرلیا جو عمران خان، گلین میک گرا اور ایلن ڈونلڈ جیسے عظیم گیند باز بھی اپنے نام نہیں کرسکے۔36 سالہ محمد عباس نے انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 73 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی مؤثر باؤلنگ سے میزبان ٹیم کو مشکلات سے دوچار کیا۔لارڈز میں عباس کا یہ دوسرا ٹیسٹ میچ ہے۔
اس تاریخی میدان پر 2018 میں اپنے پہلے ٹیسٹ کے دوران بھی انہوں نے غیر معمولی باؤلنگ کی تھی۔ اس وقت انہوں نے پہلی اننگز میں صرف 23 رنز کے عوض 4 وکٹیں جبکہ دوسری اننگز میں 41 رنز دے کر مزید 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
یوں محمد عباس لارڈز میں ٹیسٹ کرکٹ کے دوران مسلسل تین اننگز میں 4، 4 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے مہمان باؤلر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل کوئی غیر ملکی گیند باز اس میدان پر یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا۔لارڈز ٹیسٹ کے دوران محمد عباس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی ایک اہم سنگ میل عبور کیا اور اپنے کیریئر کی 900 ویں وکٹ مکمل کرلی۔پاکستانی فاسٹ باؤلر نے یہ اعزاز 222ویں فرسٹ کلاس میچ میں حاصل کیا۔ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر میں 20.43 کی شاندار باؤلنگ اوسط کے ساتھ 57 مرتبہ ایک اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں اور 14 بار میچ میں 10 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی شامل ہے۔900
وکٹیں مکمل کرنے کے بعد محمد عباس 21ویں صدی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔اس فہرست میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 1157 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقا کے سائمن ہارمر 1056 وکٹوں کے ساتھ دوسرے، سری لنکا کے ملندا پشپا کمارا 1010 وکٹوں کے ساتھ تیسرے جبکہ آسٹریلیا کے اسپنر نیتھن لیون 864 وکٹوں کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
محمد عباس 900 سے زائد فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے پانچویں فاسٹ باؤلر بھی بن گئے ہیں۔پاکستانی فاسٹ باؤلرز میں فرسٹ کلاس وکٹوں کا ریکارڈ:عمران خان — 1287 وکٹیںوسیم اکرم — 1042 وکٹیںسرفراز نواز — 1005 وکٹیںوقار یونس — 956 وکٹیںمحمد عباس — 902 وکٹیں



















































