اسلام آباد (نیوز ڈ ٰیسک) آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں اور مسلم لیگ (ن) نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 28 اگست کو طلب کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی، نئی کابینہ اور آئندہ کی سیاسی و پارلیمانی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر و سینیٹر رانا ثناء اللہ، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے شرکت کی۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق اور ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری بھی مشاورتی اجلاس کا حصہ تھے، جبکہ ٹیکنوکریٹ نشست پر کامیاب ہونے والے بیرسٹر افتخار گیلانی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت تشکیل دینے کے امور، کابینہ کے ممکنہ ارکان اور حکومت کی آئندہ ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے گڈ گورننس،
انتظامی معاملات میں بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے منصب کے لیے اپنا امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تاہم اس نامزدگی کو حتمی قانونی حیثیت آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کے باقاعدہ انتخاب کے بعد حاصل ہوگی۔وزیراعظم کے انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس 28 اگست کو منعقد ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد نئی حکومت کی تشکیل اور کابینہ کے قیام کا مرحلہ آگے بڑھایا جائے گا۔بیرسٹر افتخار گیلانی کے نام پر اتفاق کے بعد آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ آنے والے دنوں میں نئی کابینہ اور حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔



















































