کراچی(نیوز ڈیسک ) پاکستان کے جاری کھاتے (کرنٹ اکاو¿نٹ) کو اکتوبر میں 41 کروڑ 60 لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق ستمبر میں کرنٹ اکاو¿نٹ 30کروڑ ڈالر سرپلس رہنے کے بعد اکتوبر میں خسارے کا شکار رہا، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کرنٹ اکاو¿نٹ خسارہ 11کروڑ 60لاکھ ڈالر تھا، اس طرح دوسری سہ ماہی کے اغاز پر پہلے مہینے میں ہی 260 فیصد زائد خسارے کا سامنا ہے، گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ جولائی سے اکتوبر تک کرنٹ اکاو¿نٹ خسارے میں 1ارب 36کروڑ 50لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔رواں مالی سال کے 4 ماہ کے دوران 53کروڑ 20لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 1ارب 89 کروڑ 70لاکھ ڈالر تھا، 4 ماہ کا تجارتی خسارہ 7.5ارب ڈالر کے مقابلے میں 5.92 ارب ڈالر رہا، خدمات کی تجارت کو 94کروڑ 70لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 36کروڑ 40لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا کرنا پڑا، اشیا و خدمات کی تجارت کا مجموعی خسارہ 8.44ارب ڈالر کے مقابلے میں 6.29 ارب ڈالر رہا، ترسیلات کی آمد 6.18ارب ڈالر کے مقابلے میں 6.50ارب ڈالر رہی۔