لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ آسٹریلیا کی ڈے اینڈ نائیٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش میں دلچسپی لینے لگا، کھلاڑیوں کی رائے کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین شکیل شیخ کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی ڈے اینڈ نائیٹ کرکٹ ٹیسٹ کی پیشکش کے بعد چیئرمین بورڈ شہریارخان نے اس حوالے سے غور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شکیل شیخ نے بتا یا کہ پاکستان کی سیریزآئندہ برس آسٹریلیا سے دسمبرمیں متوقع ہے اس سے پہلے قائد اعظم ٹرافی کا فائنل آزمائشی طورپرپنک بال سے کرایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ سوچ رہے ہیں کہ 27 نومبر سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے ڈے اینڈ نائیٹ ٹیسٹ میچ کے کے لیے کوآبزرور بھیجیں۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ ہفتے وہ اورنج گیندوں کی بڑی تعداد خرید رہے ہیں جسے ٹیموں کو کھیلنے کے لیے دیا جائے گا اور جو فیڈ بیک اس پر آئے گا اسی کی روشنی میں بورڈ اپنا حتمی فیصلہ کرے گا۔