اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی کوششوں کے تحت آج ایک اہم مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام ریاض میں اہم ملاقاتیں کر رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان آج سعودی عرب پہنچیں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پہلے ہی سرکاری وفد کے ہمراہ ریاض میں موجود ہیں۔ اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں دفاعی تعاون، مشترکہ سلامتی، عسکری شراکت داری اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق مختلف امور زیر غور ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ معاہدے کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور اس پر آج دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔ اس اقدام کو تینوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط مزید مضبوط بنانے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے اسٹریٹجک تعاون کا معاہدہ موجود ہے، جبکہ حالیہ عرصے میں کویت نے بھی پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔
ریاض میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران ایران سے متعلق حالیہ علاقائی کشیدگی، بحری راستوں کے تحفظ، علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ مبصرین کے مطابق ان مذاکرات میں خطے کی مجموعی صورتحال سے متعلق اہم فیصلے بھی سامنے آ سکتے ہیں۔دوسری جانب امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر رابطہ کریں گے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس گفتگو میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔



















































