اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس کے گرفتار ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کی شناخت کا عمل مکمل ہو چکا ہے، لہٰذا مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔سماعت کے دوران جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ملزم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اب آنسو بہانے سے کوئی فائدہ نہیں، کیونکہ ایک بے گناہ خاندان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ اس واقعے سے ملک بھی ایک قیمتی اثاثے سے محروم ہوا ہے اور اب افسوس کرنے سے شہید کو واپس نہیں لایا جا سکتا۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد تفتیش مکمل کرنے کی غرض سے ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے سپرد کر دیا۔



















































