اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت اور ان کی رضامندی کے بعد ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے،
اور انہیں یقین ہے کہ وہ ٹیم کو متحد رکھتے ہوئے بہتر نتائج دلائیں گے۔کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی پوری توجہ آنے والی ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر مرکوز ہے، جہاں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھی پاکستان مثبت نتائج حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ دونوں سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، اس لیے ان کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور ٹیم ہر میچ کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ریڈ بال ہیڈ کوچ کے مطابق اسلام آباد میں لگائے جانے والے قومی تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اپنی کمزوریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سرفراز احمد نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم زیادہ اعتماد، اتحاد اور جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی اور شاندار نتائج پیش کرے گی۔صحافت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ ماضی کی صحافت اور آج کے دور میں نمایاں فرق آ چکا ہے۔ ان کے مطابق پہلے صحافی گراؤنڈ میں موجود رہ کر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مشاہدہ کرتے تھے، جبکہ اب ضروری ہے کہ تنقید صرف کھیل اور کارکردگی تک محدود رہے، نہ کہ کسی کھلاڑی کی ذاتی زندگی یا کردار کو نشانہ بنایا جائے۔



















































