اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایران نے امریکہ کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے لیے اپنے وفد کی تشکیل کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف مذاکراتی وفد کی قیادت کریں گے، جبکہ وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کو ٹیم کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل اسماعیل بقائی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران سنجیدگی اور مثبت نیت کے ساتھ سفارتی مذاکرات کو آگے بڑھا رہا ہے اور تمام اہم معلومات صرف مجاز حکام کے ذریعے ہی جاری کی جائیں گی۔
ایرانی حکام کے مطابق مجوزہ مذاکرات میں خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنا، بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی اور سمندری راستوں پر ایرانی جہازوں کے تحفظ جیسے اہم معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ امریکی سفارتی پیغامات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بعض امور پر پیش رفت ہوئی ہے اور فاصلے کسی حد تک کم ہوئے ہیں، تاہم مکمل اعتماد کی بحالی اب بھی ایک بڑا چیلنج سمجھی جا رہی ہے۔



















































