اسلام آباد /باجوڑ/مہمند(این این آئی)پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان نے آپریشن غضب للحق شروع کردیا
جس کے تحت چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایاگیا اور58 طالبان ہلاک اور100 سے زائد زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ملی ہیں،پاک فورسز کی بھرپور کارروائی سے افغان طالبان کے کئی ٹھکانے اور چوکیاں تباہ ہوگئیں اور خوارج بھاگ نکلے ،تمام کواڈ کاپٹرز گرا دئیے گئے ،افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے تحت مسجد کو نشانہ بنایاگیا، مسجد کو نقصان پہنچا جبکہ پاک افغان سرحد پر پاک فوج نے موثر کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو فتح کر لیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے ٹھکانے تباہ اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنا کر تباہ کردیا،افغان طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر میں بھرپور جواب دیا۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چترال میں بھی بھرپور جواب دیا۔ فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کر دیں۔پاک افغان سرحد پر مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی ، گرسال سیکٹر میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی چیک پوسٹیں تباہ کردیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افغان طالبان کی تعداد 58ہو گئی اور 100سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی، پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے گولہ باری کی جاتی رہی۔ ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔دوسری جانب افغان طالبان کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آگئی باجوڑ میں مسجد کو بھی نشانہ بنا ڈالا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی شیلنگ سے مسجد کی چھت اور دیگر حصے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔سیکیورٹی فورسز کے مطابق پاک فوج افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا ۔ سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کسی بھی سرحدی جارحیت کا منہ توڑ اور موثر جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر پر افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج نے موثر اور منہ توڑ جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو پسپا کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج کے بھرپور ردعمل کے باعث افغان طالبان دم دبا کر فرار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق افغان طالبان تورخم بارڈر سے ٹرکوں پر سامان لاد کر علاقے سے نکل گئے جبکہ پاکستانی فورسز نے سرحدی دفاع کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔سیکیورٹی فورسز نے آرٹلری فائر سے افغان طالبان رجیم کا سیکٹر ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔سکیورٹی فورسز نیکرم سیکٹر کے قریب افغان طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ کردئیے ۔ اب تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق تقریباً 58افغان طالبان ہلا ک ہوچکے ہیں۔دریں اثناء وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغان طالبان رجیم نے غلط اندازہ لگایا اور متعدد مقامات پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
دریں اثناء سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر پاک فوج نے افغان طالبان کو شکست ِ فاش دیتے ہوئے افغان پوسٹوں پر قومی پرچم لہرا دیا ۔پاک فوج کے جوانوں نے افغان طالبان کی پوسٹ کو فتح کر کے کہا کہ افغان طالبان سن لو ہم تمہیں بھرپور جواب دے کر دکھائیں گے کہ تم کس سے ٹکرائے ہو۔فوجی جوان نے کہا کہ افغان طالبان کی پوسٹ کو فتح کر کے پاکستان کا پرچم لہرا دیا ہے ، اسی طرح ہم آئیں گے اور کابل کو بھی فتح کر لیں گے پھر تمہیں پتہ چلے گا کہ تم نے ہم سے کیسے پنگا لیا ۔وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کو چترال، خیبر، مہمند، کرم اور باجوڑ سیکٹر میں منہ توڑ جواب دیا گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کو بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔وزارت اطلاعات نے باور کروایا کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت اور اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کرے گا۔بیان میں کہا گیا کہ افغان سائیڈ پر کئی چوکیوں اور ان کے آلات کو تباہ کردیا گیا ہے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان اپنی علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔اپنے بیان میں عطا اللہ تارڑ نے پاک-افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کے حوالے سے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور اور موثر جواب دیا گیا اور آئندہ بھی دیا جاتا رہے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان طالبان رجیم اور بھارتی سوشل میڈیا اکائونٹس کی جانب سے جھوٹا اور بے بنیاد پراپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں جبکہ خوش فہمیوں پر مبنی افواہیں عملی میدان میں شکست کے بعد خفت مٹانے کیلئے پھیلائی جا رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان افغان طالبان رجیم کو جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دے گا اور پاکستان کی پیشہ ورانہ افواج حملہ آوروں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔عطا اللہ تارڑ کے مطابق مصدقہ اطلاعات کے تحت پاک فوج کی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے 36 کارندے ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں،وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان شہادت کے مرتبے پر فائز اور تین زخمی ہوئے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں خطے خصوصا ملک میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں، جبکہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے سرحدی علاقوں میں فائرنگ دہشتگردوں کی پشت پناہی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ماضی کی پسپائیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے ہر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جاتا رہے گا۔ دریں اثناء صدرپاکستان کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی اور افغانستان میں ان کے نئے پاگلوں کوجلد پتہ چل جائے گا کہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا کیا نتیجہ ہوگا۔مرتضیٰ سولنگی نے لکھا کہ مودی کو پچھلے سال مئی میں پتہ چلا تھا،طالبان حکومت کو پتہ چل جائے گا۔



















































