اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان سے متعلق مبینہ ڈیل کی خبروں کو یکسر مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ کوئی معاہدہ طے پایا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی نرمی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سابق وزیرِ اعظم کے لیے رعایت کا تاثر دینا درست نہیں کیونکہ وہ عدالتوں سے سزا یافتہ ہیں، اس لیے ان کے بارے میں گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں اور حقیقت پر مبنی نہیں۔وفاقی وزیر نے یاد دلایا کہ وہ دو روز قبل بھی پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے متعلق اسی نوعیت کی قیاس آرائیوں کی تردید کر چکے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا تھا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نہ تو اس معاملے پر سیاست کرنا چاہتی ہے اور نہ ہی ایسا ہونا چاہیے، جبکہ کسی خفیہ ڈیل کے دعوے محض افواہیں ہیں۔



















































