اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں الیکٹرک اسکوٹرز کے شعبے میں ایک اور نیا ماڈل متعارف کرا دیا گیا ہے۔
مقامی کمپنی ایوی (Evee) نے اپنی نئی جین-زی الیکٹرک اسکوٹر کو باضابطہ طور پر مارکیٹ میں پیش کر دیا ہے، جسے خاص طور پر شہری سفر کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق ایوی جین-زی جدید فیچرز، ماحول دوست ٹیکنالوجی اور مؤثر بیٹری سسٹم سے آراستہ ہے۔ اس اسکوٹر میں 1000 واٹ کی طاقتور موٹر نصب کی گئی ہے، جس کے ساتھ دو سال کی وارنٹی بھی فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ صارفین کو بہتر اعتماد حاصل ہو۔ ایوی جین-زی میں 76.8 وولٹ اور 27 ایمپیئر آور کی لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری استعمال کی گئی ہے، جس پر کمپنی کی جانب سے 36 ماہ کی وارنٹی دی جا رہی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اسکوٹر ایک بار مکمل چارج ہونے پر تقریباً 70 سے 80 کلومیٹر تک چل سکتا ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے، جو روزمرہ شہری آمد و رفت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔
ڈیزائن اور حفاظت کے حوالے سے اسکوٹر میں ایلومینیم رِمز اور فرنٹ ڈسک بریکس شامل کیے گئے ہیں، جو سواری کو محفوظ اور آرام دہ بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسکوٹر میں ریورس موڈ، کروز کنٹرول اور سائیڈ اسٹینڈ سینسر جیسے اضافی فیچرز بھی موجود ہیں۔
کمپنی نے ایوی جین-زی الیکٹرک اسکوٹر کی قیمت 2 لاکھ 15 ہزار روپے مقرر کی ہے، جسے درمیانی آمدن رکھنے والے شہری صارفین کے لیے ایک مناسب انتخاب قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ملک میں الیکٹرک اسکوٹرز کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کی بڑی وجوہات مہنگا ایندھن، کم مینٹیننس لاگت اور نئی ٹیکنالوجی سے لیس ماڈلز کی دستیابی ہیں۔ ایوی کا کہنا ہے کہ جین-زی ماڈل نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ جدید سہولتوں کے ساتھ محفوظ اور آرام دہ سفر بھی فراہم کرتا ہے۔















































