حیدرآباد/قلعہ سیف اللہ(این این آئی) صوبہ سندھ کے ضلع حیدر آباد اور صوبہ بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ۔ زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق زلزلہ زمین کی سطح سے 10 کلومیٹر کے اندر ریکارڈ کیا گیا۔
زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ادھرزلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.1 اور گہرائی 16 کلومیٹر رکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز مسلم باغ سے 100 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔خیال رہے کہ پیر کو بھی بلوچستان کے علاقے دالبندین اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کی ریکٹر سکیل پر شدت 4.2 اور گہرائی زیر زمین 66 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز دالبندین سے 47 کلومیٹر دور جنوب مشرق میں تھا۔















































