اسلام آباد(نیوزڈیسک)چینی ساختہ ہائبرڈ ایس یو وی جیکو جے فائیو کو پاکستان میں باقاعدہ طور پر متعارف کرا دیا گیا ہے، جس نے نسبتاً کم قیمت کے باعث خریداروں اور آٹو انڈسٹری میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔ اس گاڑی کو منشا گروپ کی ذیلی کمپنی نشاط موٹرز نے مقامی مارکیٹ میں لانچ کیا ہے، جہاں اسے اپنے ہم پلہ ماڈلز کے مقابلے میں کم قیمت پر پیش کیا گیا ہے۔نشاط موٹرز کی جانب سے جیکو جے فائیو کے دو ماڈلز متعارف کرائے گئے ہیں۔
کمفرٹ ویریئنٹ کی قیمت 66 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی ہے، جبکہ پریمیم ویریئنٹ 76 لاکھ 99 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔ ان قیمتوں کے ساتھ جیکو جے فائیو اس وقت پاکستان میں دستیاب سب سے کم قیمت ہائبرڈ الیکٹرک ایس یو وی قرار دی جا رہی ہے۔یہ گاڑی بی سیگمنٹ ایس یو وی کیٹیگری میں شامل کی جاتی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا مجموعی سائز عام بی سیگمنٹ گاڑیوں کے مقابلے میں کچھ زیادہ محسوس ہوتا ہے۔ پاک ویلز کے آٹو ایکسپرٹ سنیل مانج کے مطابق جیکو جے فائیو کا ڈیزائن اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ کیبن زیادہ کشادہ اور آرام دہ دکھائی دیتا ہے، جو اسے اسی کلاس کی دیگر گاڑیوں سے ممتاز بناتا ہے۔
گاڑی کی لانچ کے بعد مارکیٹ میں یہ سوال بھی زیرِ بحث آ گیا ہے کہ نشاط موٹرز کس حکمتِ عملی کے تحت حریف کمپنیوں کے مقابلے میں اتنی کم قیمت پر ہائبرڈ ایس یو وی پیش کر رہی ہے، اور آیا یہ قیمتیں طویل مدت تک برقرار رکھی جا سکیں گی یا نہیں۔پاکستانی آٹو مارکیٹ میں جیکو جے فائیو کا براہِ راست مقابلہ ہیول جولین ہائبرڈ سے ہے، جس کی قیمت اس گاڑی سے تقریباً 25 لاکھ روپے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ٹویوٹا کرولا کراس اور ہونڈا ایچ آر وی بھی اسی کیٹیگری میں شامل ہیں، جن کی قیمتیں بالترتیب تقریباً 85 لاکھ اور 89 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ جیکو جے فائیو کے کمفرٹ ویریئنٹ کی قیمت اسے بعض سیڈان گاڑیوں کی قیمتوں کے قریب بھی لے آتی ہے، جو اسے خریداروں کے لیے ایک پرکشش آپشن بناتی ہے۔















































