اسلام آباد(نیوز ڈ یسک) صوبائی حکومت نے فلاحی منصوبے “اپنی چھت، اپنا گھر” کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منصوبے کے دائرہ کار میں اضافہ کرتے ہوئے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔اب مشترکہ خاندانی نظام میں رہنے والے افراد بھی اپنے موجودہ گھروں کی توسیع کے لیے اسی منصوبے کے تحت بغیر سود قرض حاصل کر سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے جون 2026 تک ایک لاکھ 60 ہزار مکانات کی تعمیر کا ہدف بھی مقرر کر دیا ہے۔اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے “اپنی زمین، اپنا گھر” منصوبے کے تحت 1534 رہائشی پلاٹس کی الاٹمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں جہلم میں 194، قصور میں 129، فیصل آباد میں 84 اور لودھراں میں 59 پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پلاٹس کی قرعہ اندازی جلد مکمل کرنے اور منصوبے کے فنڈز میں اضافے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔یہ فیصلے وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں کیے گئے، جس میں “اپنی چھت، اپنا گھر” اور “اپنی زمین، اپنا گھر” منصوبوں کے تحت قرضوں کے اجرا اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈی جی پھاٹا نے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر منصوبے کے تحت قرضوں کی وصولی کی شرح 99 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جس پر وزیراعلیٰ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوسری قسط کی ادائیگی بھی جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے منصوبے کے مستفید افراد کے انتقال کی صورت میں واضح پالیسی مرتب کرنے کا حکم بھی دیا۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس منصوبے کے لیے اب تک 18 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ درخواست گزاروں کی تعداد 10 لاکھ 66 ہزار سے زیادہ ہے۔ پنجاب بھر میں 67 ہزار سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 53 ہزار سے زیادہ مکانات تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 164 ارب 66 کروڑ روپے کے ریکارڈ بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔















































