اسلام آباد (نیوز ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کسٹمز ویلیوایشن ونگ نے بیرونِ ملک سے درآمد ہونے والے استعمال شدہ موبائل فونز کی نئی اور نظرثانی شدہ کسٹمز ویلیوز جاری کر دی ہیں۔
نظرثانی شدہ نرخوں کے اطلاق کے بعد معروف موبائل کمپنیوں کے چار بڑے برانڈز کے مجموعی طور پر 62 ماڈلز پر عائد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ٹیکس میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
نئی ویلیوایشن کے مطابق ایک معروف برانڈ کے موبائل فونز کی کسٹمز ویلیو میں 32 فیصد سے لے کر 89 فیصد تک کمی کی گئی ہے، جس سے صارفین کو رجسٹریشن کے اخراجات میں ریلیف ملے گا۔
ویلیوایشن حکام کا کہنا ہے کہ پرانے نظام میں قیمتوں کو غیر حقیقی طور پر زیادہ ظاہر کرنے، انڈر انوائسنگ اور استعمال شدہ فونز کی مختلف گریڈنگ کے مسائل کے باعث کلیئرنس کے عمل میں تاخیر ہوتی تھی، جس کا براہِ راست اثر صارفین پر پڑتا تھا۔ نئی ویلیوز کے اجرا سے ان مسائل میں کمی آنے کی توقع ہے۔















































