اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں تیزی اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار سے زیادہ شہریوں نے مختلف نوعیت کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 16 ہزار افراد نے لرنر لائسنس بنوائے، 15 ہزار شہریوں کو مستقل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے جبکہ اتنی ہی تعداد میں شہریوں نے اپنے لائسنس کی تجدید بھی کروائی۔
اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ صرف ایک دن کے دوران 35 ہزار سے زائد قانون شکن افراد کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 6 ہزار سے زیادہ افراد کو بھاری جرمانے کیے گئے۔ترجمان کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 13 ہزار سے زائد افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، دھواں چھوڑنے والی 500 سے زیادہ گاڑیوں کو چالان کیا گیا جبکہ 450 کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے والدین سے حلف نامے بھی طلب کیے گئے۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کسی بھی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔














































