اسلام آباد (نیوز رپورٹر)
انڈونیشیا میں ایک چھوٹا مسافر بردار طیارہ پرواز کے دوران لاپتہ ہو گیا ہے۔ طیارے میں مجموعی طور پر 11 افراد سوار تھے جن میں 3 مسافر اور 8 عملے کے ارکان شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق طیارہ جیسے ہی ایئرپورٹ سے روانہ ہوا، کچھ وقت بعد اس کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے اچانک منقطع ہو گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والے طیارے کی تلاش کے لیے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ماکاسر سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے مطابق یہ ٹربو پروپ طیارہ یوگیاکارتا سے جزیرہ سولاویسی کے شہر ماکاسر کی جانب جا رہا تھا، تاہم دوپہر کے وقت دورانِ پرواز اس سے رابطہ ختم ہو گیا۔
سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے آپریشنز سربراہ نے بتایا کہ طیارے کا سراغ لگانے کے لیے ہیلی کاپٹرز اور جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں مختلف ممکنہ مقامات پر تلاش میں مصروف ہیں۔















































