اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے کابینہ کی باقاعدہ منظوری کے بعد ملک میں کرنسی نوٹس کے نئے ڈیزائن جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت مختلف مالیت کے بینک نوٹس نئی شکل و صورت کے ساتھ متعارف کرائے جائیں گے۔بدھ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 100، 500، 1,000 اور 5,000 روپے کے کرنسی نوٹس کے نئے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ان نوٹس کی تیاری جدید عالمی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین سے رہنمائی حاصل کی گئی ہے۔
کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ جعلی کرنسی کے تدارک کے لیے نئے نوٹس میں جدید اور مؤثر سکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے، جن میں مضبوط سکیورٹی تھریڈز اور دیگر حفاظتی عناصر شامل ہیں۔نئے ڈیزائنز میں پاکستان کے جغرافیائی حسن، مختلف خطوں کی ثقافتی پہچان اور تاریخی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ قومی ترقی میں خواتین کے کردار اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوعات کو بھی کرنسی نوٹس کا حصہ بنایا جائے گا۔کرنسی نوٹس کے باضابطہ اجرا سے قبل مجوزہ ڈیزائنز کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے کابینہ نے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری بھی دی ہے، جو سفارشات مرتب کرے گی۔اسی اجلاس میں کابینہ نے نجی حج پالیسی برائے سال 2027 سے 2030 کے ابتدائی مسودے پر مزید مشاورت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اسے دوبارہ حج پالیسی کمیٹی کو ارسال کرنے کی ہدایت کی۔ اس مسودے میں نجی حج آپریٹرز کی رجسٹریشن اور تھرڈ پارٹی تصدیق سے متعلق امور شامل ہیں۔















































