اسلام آباد (نیوز ڈیسک)گوجرانوالہ پولیس نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر اخلاقی ویڈیو کیس میں کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔اس پیش رفت کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ بعض افراد پولیس اقدام کو درست قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ کا مؤقف ہے کہ یہ معاملہ ذاتی نوعیت کا تھا اور اصل کارروائی ویڈیو کو دوبارہ وائرل کرنے والوں کے خلاف ہونی چاہیے تھی، تاہم پولیس نے براہِ راست جوڑے کو نشانہ بنا کر معاملہ نمٹا دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایت پر واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کی گئیں۔ تھانہ اروپ پولیس نے جدید سائنسی اور تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کا سراغ لگایا اور اسے حراست میں لے لیا۔دوسری جانب ویڈیو میں شامل مرد ملزم کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی کینٹ کی نگرانی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سی پی او ڈاکٹر غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش مکمل طور پر میرٹ پر کی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔















































