اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آسٹریلیا کے معروف آل راؤنڈر گلین میکس ویل نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آئندہ 19ویں سیزن کی نیلامی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے اس فیصلے کی کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی۔37 سالہ کرکٹر نے سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کیے گئے پیغام میں بتایا کہ آئی پی ایل کے کئی یادگار اور کامیاب سیزنز کھیلنے کے بعد انہوں نے اس بار نیلامی سے دور رہنے کا انتخاب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے ایک اہم اور سوچا سمجھا فیصلہ ہے، جسے وہ لیگ سے ملنے والے مواقع اور تجربات پر شکرگزاری کے احساس کے ساتھ لے رہے ہیں۔
گلین میکس ویل کے مطابق آئی پی ایل نے ان کی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے، مختلف بڑی فرنچائزز کی نمائندگی کرنے اور پرجوش تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کو اپنے کیریئر کے قیمتی لمحات قرار دیا۔انہوں نے شائقین کی جانب سے ملنے والی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے مستقبل میں ایک بار پھر ملاقات ہو گی۔ میکس ویل کا کہنا تھا کہ بھارت کی توانائی، یادگار لمحات اور چیلنجز ہمیشہ ان کی یادوں کا حصہ رہیں گے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گلین میکس ویل آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز، رائل چیلنجرز بنگلور، دہلی ڈیئرڈیولز اور پنجاب کنگز سمیت چار مختلف ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ میکس ویل کا یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسس اور انگلینڈ کے تجربہ کار آل راؤنڈر معین علی نے آئی پی ایل کے بجائے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کھیلنے کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔















































