اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب پولیس نے نئے سال کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیو ایئر نائٹ کے حوالے سے صوبے بھر میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں کو مکمل الرٹ رہنے اور شرپسند و ملک دشمن عناصر پر گہری نظر رکھنے کا حکم دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نئے سال کے موقع پر 25 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور کسی بھی قسم کی بدامنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور عام شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔آ
ئی جی پنجاب نے نیو ایئر نائٹ کے دوران ٹریفک نظام کو مؤثر رکھنے کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔دوسری جانب پشاور پولیس نے بھی نئے سال کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہوائی فائرنگ یا تیز اور لاپرواہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے افراد کو جیل بھیجا جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ہوائی فائرنگ اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اسی لیے شہر کے مختلف علاقوں میں چوکیاں قائم کی جائیں گی۔ایس ایس پی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی کہ نئے سال کے موقع پر مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں، مریضوں اور اسپتالوں میں زیر علاج افراد کا خیال رکھیں اور ایسے اقدامات کریں جن سے معاشرے کو فائدہ پہنچے۔















































