اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا آغاز ایک بار پھر نمایاں تیزی کے ساتھ ہوا، جبکہ کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید نیچے آگئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پی ایس ایکس میں شروع سے ہی مثبت رحجان غالب رہا اور ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں 100 انڈیکس میں 645 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 62 ہزار 871 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
گزشتہ روز بھی مارکیٹ میں مضبوط ریکوری دیکھنے میں آئی تھی اور انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 62 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا۔
ادھر کرنسی مارکیٹ میں بھی روپے نے ڈالر کے مقابلے میں بہتری برقرار رکھی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں امریکی کرنسی مزید 6 پیسے سستی ہوکر 280 روپے 60 پیسے میں ٹریڈ ہونے لگی۔















































