اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد میں پہلی بار سات ستارہ ہوٹل کی تعمیر کے لیے تمام انتظامی اور تکنیکی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ یہ نیا ہوٹل آئندہ ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ کے دوران غیر ملکی مہمانوں کی رہائش اور خصوصی میزبانی کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے اس منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے بین الاقوامی کمپنیوں کو باضابطہ طور پر دعوت نامے جاری کر دیے ہیں۔ عالمی ٹینڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یا مشترکہ سرمایہ کاری کے تحت مکمل کیا جائے گا۔
یہ شاندار ہوٹل اسلام آباد کے نہایت حساس اور اہم علاقے ریڈ زون میں تعمیر کیا جائے گا، جہاں دنیا کے بڑے دارالحکومتوں کی طرح اعلیٰ رہائشی اور کانفرنس سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کے مطابق ہوٹل میں عالمی معیار کے کانفرنس ہال، جدید میٹنگ کمروں، بڑے بینکوئٹ ہالز، لگژری گیسٹ رومز اور جدید ترین سیکیورٹی سسٹم کی تنصیب شامل ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ سفارتی اور سرکاری وفود کی سہولت کے لیے بڑی ملٹی اسٹوری پارکنگ بھی بنائی جائے گی۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس سات ستارہ ہوٹل کا منصوبہ نہ صرف پاکستان کے عالمی تشخص کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ اسلام آباد میں جدید طرز تعمیر کو بھی فروغ دے گا۔ حکام نے مزید بتایا کہ ایس سی او سمٹ کی میزبانی کے پیشِ نظر کوشش ہے کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ آنے والے اعلی سطح کے مہمانوں کو بہترین رہائش اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے کو یقین ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں میں بھی مثبت اور مضبوط پیشرفت دیکھنے کو ملے گی۔















































