لاہور( این این آئی) بیرون ممالک جانے والے مسافروںکیلئے ذاتی معلومات پر مبنی اورگزیٹڈ افسر یا یونین کونسل کے مجاز ذمہ داران سے تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی قرار دیدیا گیا ، تصدیق کرنے والے کو یہ گارنٹی دینا ہو گی کہ وہ بیرون ممالک جانے والے شخص اور اس کی فیملی کو ذاتی حیثیت میں جانتا ہے جبکہ سفر کرنے والے کے مذہبی رجحانات اور دیگر سر گرمیوں کے حوالے سے بھی تحریر کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ائیر پورٹ آنے والے مسافروں سے تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ کا تقاضہ کیا جارہا ہے جس کا انہیں سرے سے علم نہیں ۔
سامنے آنے والے پرفارما نما سرٹیفکیٹ رہائش اور شہرت سے متعلق ہے جسے گریڈ 17کے گزیٹڈ افسر ،نمبردار، یونین کونسل کے جنرل سیکرٹری ، چیئرمین یا کونسلر سے تصدیق کرانا شرط رکھی گئی ہے جو تحریری طو رپر اس بات کی گارنٹی دے گا کہ وہ جس کا سرٹیفکیٹ تصدیق کر رہا ہے وہ اسے اور اس کی فیملی کو ذاتی حیثیت میں جانتا ہے ۔پرفارما نما سرٹیفکیٹ میں سفر کرنے والی کی شہرت کے حوالے سے بھی سوال پوچھے گئے ہیں جس میںاس کی عام شہرت،مذہبی ، فرقہ وارانہ رجحان،جذباتی رجحانات،مقامی جھگڑوں میں ملوث ہونے اور کسی منفی معاشرتی گروپ سے وابستگی کے حوالے سے تحریر کر کے اس کی تصدیق کرنا ہو گی ۔تصدیق کرنے والے کو اپنا نام، دستخط، شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر بھی درج کرنا ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ بہت سے مسافروں کو اس نئے سرٹیفکیٹ کے بارے میں کوئی اطلاعات نہیں ہیں اور انہیں ائیر پورٹ پہنچنے پر مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے ۔















































