پشاور (این این آئی)نیب نے کوہستان کرپشن سکینڈل کے مرکزی ملزم قیصر اقبال کی اہلیہ کو گرفتار کر کے گھر سے 14ارب روپے مالیت کا سونا، قیمتی گاڑیاں اور دیگر قیمتی اثاثے برآمد کرلئے۔تفصیلات کے مطابق کوہستان سکینڈل میں گرفتار خاتون سمیت 8ملزمان کو احتساب عدالتوں میں پیش کیا گیاجہاں عدالت نے تمام ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ گرفتار خاتون مرکزی ملزم قیصر اقبال کی اہلیہ ہے، جس کے گھر سے 14ارب روپے مالیت کا سونا، قیمتی گاڑیاں اور دیگر قیمتی اثاثے برآمد ہوئے، خاتون پر اپنے شوہر کے ساتھ مل کر 34ارب روپے غبن کرنے کا الزام ہے ،عدالت نے خاتون کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین دن کی توسیع کر دی۔عدالت میں گرفتار چار ملزمان شیر باز، فہیم مون، عبدالباسط اور سرتاج کو بھی پیش کیا گیا۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ یہ تمام ملزمان بے نامی دار ہیں اور ان کے نام پر دیگر ملزمان نے غیر قانونی اثاثے بنائے۔عدالت نے شیر باز، فہیم مون اور سرتاج کو سات دن کے جسمانی ریمانڈ پر جبکہ عبدالباسط کو تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا۔مزید برآں، تین ملزمان سید معیز حیدر، عمران خان اور الفت علی کو بھی احتساب جج امجد ضیا کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے تحویل میں دینے کا حکم دیا۔