لاہور( این این آئی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں رواں سال ریکارڈ سردی اورشدید خشک سالی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں سال بارشیں تو معمول سے کم ہوں گی مگر خشک سالی یا ریکارڈ سردی کا کوئی امکان نہیں۔ایک بیان میں این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں برف باری بھی کم ہوگی مگر مون سون کی 23 فیصد اضافی بارشوں کے باعث سردیوں میں بھی پانی کی کمی نہیں ہوگی،خشک سالی سے صرف بلوچستان کے چند علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خاران چاغی وشو نوشکی میں مائلڈ قسم کا میٹرولوجیکل خشک سالی متوقع ہے،آنے والے دنوں میں پاکستان میں اس طرح خشک سالی متوقع نہیں ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق لانینا کے باعث اس سال ریکارڈ سردی تو نہیں پڑے گی البتہ دسمبر اور جنوری کے مہینے معمول سے بڑھ کر ٹھنڈے رہنے کا امکان ہے۔معمول سے تھوڑی زیادہ سردی اور خشکی محسوس کی جاسکتی ہے ،دسمبر اور جنوری میں سردی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے۔ بارشوں کی کمی ائیرکوالٹی کو بھی متاثر کرے گی جس سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔