اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے انکشاف کیا ہے کہ آکسفرڈ یونیورسٹی میں دورانِ تعلیم ایک موقع پر دوستوں کے ساتھ ویڈ (منشیات) کا استعمال کیا، جس کے بعد انہیں محسوس ہوا جیسے وہ پھر سے سوات واپس پہنچ گئی ہوں۔
ایک برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ملالہ نے بتایا کہ نشہ کرنے کے بعد انہیں ایسا لگا جیسے وہ دوبارہ 15 برس کی بچی بن گئی ہوں اور طالبان کے حملے کی بھیانک یادیں ان کے ذہن میں تازہ ہو گئیں۔
ان کے مطابق، انہیں لگا کہ وہ ماضی بھلا چکی ہیں، لیکن جیسے ہی نشے کا اثر ہوا، اسکول بس، مسلح حملہ آور اور خون آلود مناظر سب آنکھوں کے سامنے آ گئے۔
ملالہ نے بتایا کہ حالت بگڑنے پر دوستوں نے انہیں ایک کمرے میں لے جا کر آرام کرنے کا کہا، مگر انہیں شدید خوف اور بے چینی نے گھیر لیا۔ دوست انیسہ نے انہیں اسپتال لے جانے سے روکا کیونکہ خون میں ابھی نشے کا اثر باقی تھا۔
ملالہ کے بقول، وہ پوری رات خوف کے سائے میں جاگتی رہیں، انہیں ڈر تھا کہ شاید وہ دوبارہ زندہ بیدار نہ ہو سکیں۔