لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اندرون شہر اور داخلی وخارجی راستے بند کر دئیے گئے جبکہ تعلیمی اداروںمیں بھی وقت سے پہلے چھٹی دیدی گئی ، میٹرو بس اور راستوں کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں سکیورٹی خدشات اور جاری ہنگامی صورتحال کے باعث شہر کی بیشتر اندرونی سڑکیں بند کر دی گئیں جبکہ دوسرے شہروں کو جانے اور وہاں سے آنے والے تمام موٹروے کے داخلی و خارجی راستے بھی بند ہیں،میٹرو بس سروس بھی جزوی طور پر معطل کردی گئی ہے۔
شہر کے اندرونی راستے بند ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، دفاتر جانے والے شہریوں کے ساتھ ایمبولینسز کو بھی ہسپتال پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا،چونگی امر سدھو فیروز پور روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا،فیروزپور روڈ پر شہری کی میت لے جانے والی ایمبولینس بھی راستہ بند ہونے کے باعث پھنس گئی۔وقت سے پہلے چھٹی کے پیغامات ملنے کے بعد والدین بچوں کو لینے تعلیمی اداروںمیں پہنچ گئے ۔