چارسدہ(این این آئی) غنی خان روڈ پر انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوا، گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے باعث بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔ چارسدہ میں غنی خان روڈ پر پیش آئے حادثے میں جاں بحق بہن بھائی فرسٹ ایئر کے طالب علم تھے، گاڑی ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق بہن بھائی کی لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ گاڑی ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جامعہ کراچی ڈاکٹر محمود حسن لائبریری کے سامنے ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، جہاں یونیورسٹی کی پوائنٹ سے گر کر انیقا سعید نامی طالبہ جاں بحق ہوگئی، انیقا سعید سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کی طالبہ تھی۔
عینی شاہدین بتایا کہ طالبہ پوائنٹ کے پچھلے دروازے سے اتری تھیں کہ پوائنٹ ریورس ہوتے ہی وہ پچھلے پہیوں کے نیچے آ گئیں، جس کے بعد زخمی طالبہ کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔حادثہ صبح 9 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا، پولیس نے پوائنٹ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا تاہم متوفیہ کے اہلِ خانہ نے شور مچا کر ڈرائیور کو چھڑوا لیا۔اہلِ خانہ نے مقدمہ درج کرانے اور کسی بھی قانونی کارروائی سے انکار کر دیا ہے۔حادثے کے بعد طلبہ و طالبات نے جامعہ کراچی میں احتجاج کیا، اُن کا کہنا تھا کہ ناقص اور بوسیدہ پوائنٹس طلبہ کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہیں۔طلبا نے فوری طور پر خستہ حال پوائنٹس بند کرنے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔