راولپنڈی (نیوز ڈیسک) — گھر سے بھاگ کر کورٹ میرج یا لو میرج کرنے والے جوڑوں کے نکاح نامے اب رجسٹر نہیں ہوں گے۔ اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ کی جانب سے باضابطہ سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔سرکلر کے مطابق، ضلع کچہری راولپنڈی میں کورٹ یا لو میرج کے نکاح ناموں کی رجسٹریشن پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ ہدایت راولپنڈی کی تمام 182 یونین کونسلز کے سیکرٹریز کو ارسال کر دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ایسے جوڑے جو مبینہ طور پر گھر سے بھاگ کر کورٹ میرج کرتے ہیں، ان کے نکاح نامے اب رجسٹر نہیں کیے جائیں گے۔ اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا ہے۔
سرکلر کے مطابق، اگر کوئی نکاح خواں اس پابندی کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اس کا لائسنس منسوخ کیا جائے گا اور مقدمہ درج کر کے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ اسی طرح، یونین کونسل کے سیکرٹری کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے اسے برطرف کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق، گزشتہ دو برسوں کے دوران ضلع کچہری راولپنڈی میں کورٹ میرج کے کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ صرف رواں سال یکم جنوری سے 30 ستمبر تک 1,594 کورٹ یا لو میریجز ریکارڈ ہوئیں۔نئی ہدایات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر دیگر شہروں یا اضلاع سے آنے والی لڑکیاں راولپنڈی میں نکاح کرتی ہیں، تو ان کے نکاح نامے بھی رجسٹر نہیں کیے جائیں گے۔رپورٹس کے مطابق، اکثر ایسے نکاح جعلی پتے، فرضی رہائش اور جھوٹے گواہوں کی بنیاد پر رجسٹر کیے جاتے تھے۔ اس کے نتیجے میں یونین کونسل کے ملازمین کو راولپنڈی سے باہر مختلف اضلاع میں عدالتی پیشیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جس کے باعث یہ فیصلہ نافذ کیا گیا ہے۔